نظریہ پاکستان ہی بقائے وطن کی ضمانت ہے :علامہ عبدالرشید
ملکی بقاء وسلامتی سے کھیلنے والے سازشی عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں پاک فوج کی ملک کیلئے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں:تقریب سے خطاب
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان ہی دراصل بقائے پاکستان کی ضمانت ہے ، قرارداد پاکستان ایک تاریخ نہیں بلکہ ہمارے اسلاف کے اس پختہ عزم کا نام ہے جس کے نتیجے میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا، پاکستان اسلام کے نام پر بنایا گیا تھا اور تاقیامت قائم و دائم رہے گا،ملکی بقاء وسلامتی سے کھیلنے اور اسے توڑنے کی سازشیں کرنے والے اپنی موت آپ مر جائیں گے ۔ یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں علامہ عبدالرشید حجازی نے مزید کہا کہ مارچ کا مہینہ جہاں اسلامیان پاکستان کیلئے خوشی و مسرت کا باعث ہے وہیں مسلک اہل حدیث سے وابستہ کروڑوں افراد کیلئے قیامت صغریٰ سے کم نہیں۔
کیونکہ 23 مارچ 1987 کو مینار پاکستان کے سایہ تلے قلعہ لچھمن سنگھ میں سیرت النبیؐ کے اجتماع میں بین الاقوامی سازش کے ذریعے بم دھماکہ کر کے علامہ احسان الٰہی ظہیر شہید، علامہ حبیب الرحمٰن یزدانی شہید، مولانا عبد الخالق قدوسی شہید، محمد خان نجیب شہید سمیت دیگر افراد کو ہم سے جدا کر دیا گیا تھا، جس کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج اعلان کرتے ہیں کہ اسلاف کے مشن کی تکمیل اور پاکستان میں قرآن و حدیث کے نظام کے عملی نفاذ کیلئے اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیار ہیں،ملکی بقاء وسلامتی سے کھیلنے والے سازشی عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، جبکہ پاک فوج کی ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے دی جانے والی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث نے پاک فوج کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔