جڑانوالہ:الخدمت فاؤنڈیشن کامستحق خاندانوں میں راشن تقسیم
کنال روڈ پر نجی سکول کے گراؤنڈ میں باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا گیا
جڑانوالہ(نمائندہ دنیا) الخدمت فاؤنڈیشن کمیونٹی سروسز جڑانوالہ کے زیر اہتمام 200 مستحق خاندانوں میں عید پیکج راشن تقسیم کیا گیا۔ اس سلسلے میں کنال روڈ پر واقع ایک نجی سکول کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں مستحقین میں راشن شفاف انداز میں تقسیم کیا گیا۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر سعید احمد، صدر الخدمت فاؤنڈیشن جڑانوالہ رانا عتیق الرحمن ، صدر کمیونٹی سروسز رانا سلطان محمود خان، امیر زون زاہد حسین اور مہمان خصوصی انجینئر عثمان رشید نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ہمیں شکرگزاری، ایثار اور ضرورت مند افراد کی مدد کا درس دیتا ہے اور اصل خوشی اسی میں ہے کہ ہم اپنی خوشیوں میں غریب اور بے سہارا افراد کو بھی شامل کریں اور انکی بنیادی ضروریات پوری کرنے میںاپنا کردار ادا کریں انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے اور لوگوں کے دکھ درد کو اپنا سمجھتی ہے ۔ فاؤنڈیشن صحت، صاف پانی، تعلیم اور کفالت یتامی سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔ تقریب کے اختتام پر مستحق خاندانوں میں عید پیکجز تقسیم کئے گئے جبکہ شرکاء نے الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات کو سراہا۔