جڑانوالہ :تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن، 2 دکانیں سیل

جڑانوالہ :تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن، 2 دکانیں سیل

تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی:اسسٹنٹ کمشنر

 جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )جڑانوالہ میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 دکانیں سیل، متعدد دکانداروں کو وارننگ جاری۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر جڑانوالہ میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب کی زیرِ نگرانی ریل بازار، منڈی بازار، مسجد بازار اور لنڈا بازار میں کارروائیاں کی گئیں۔انتظامیہ نے آپریشن کے دوران سرکاری حدود میں تجاوزات قائم کرنے پر دو دکانوں کو سیل کر دیا جبکہ متعدد دکانداروں کو سخت وارننگ جاری کی گئی۔ اس موقع پر عملہ نے غیر قانونی سٹالز اور رکاوٹیں بھی ہٹا دیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آ سکے۔

اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب نے کہا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت تجاوزات مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دکاندار فوری طور پر تجاوزات ختم کریں بصورت دیگر نہ صرف دکانیں سیل کی جائیں گی بلکہ ذمہ داران کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی سہولت اور شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں