عید پر جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، 138 گرفتار
28ملزموں سے 1307 لٹر شراب، 3 کلو چرس ،کلو آئس بھی برآمد 15 لاپتہ بچے بھی بازیاب، ہر شہری کا تحفظ اولین ترجیح ہے :سی پی او
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر عید کے ایام میں اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، منشیات فروشوں، اشتہاری ملزموں اور دیگر قانون شکنی کرنے والوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیااور 138ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سی پی او نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کیں کہ عید کے دوران قانون شکنی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں جس پر پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیوں کے دوران 28 مقدمات درج کرکے 28 ملزموں کو گرفتار کر لیا اور ان سے 1307 لٹر شراب، 3 کلو چرس، ڈیڑھ کلو سے زائد ہیروئن اور کلو سے زائد آئس برآمد کر لی۔ اسی طرح ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 35 ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔
چوری، ڈکیتی اور بوگس چیک کے مقدمات میں مطلوب 31 ، قتل اور اقدام قتل کے 12 اشتہاری ملزموں،22 جواریوں اور 10 پتنگ بازوں کو گرفتار کیا گیا ۔دریں اثناء فیصل آباد پولیس نے عید کے دنوں میں مختلف مقامات سے لاپتہ تقریباً 15 بچوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تلاش کرکے ان کے ورثا کے حوالے کیا۔سٹی پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ پولیس کا ہر جوان جرائم کے خلاف بہادری سے برسرپیکار ہے ، ہر شہری کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔پولیس حکام کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے کریک ڈاؤن جاری ہے ، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مؤثر گشت، ایلیٹ اور ڈولفن فورس کے آپریشنز کیلئے نئی حکمت عملی اپنائی گئی ہے ، تھانہ، سرکل اور ٹاؤن کی سطح پر مانیٹرنگ کا عمل بھی مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے ۔