فلٹریشن پلانٹس،ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کی ہدایت
فلٹریشن پلانٹس،ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کی ہدایتشہریوں کو صاف پانی کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل ہرگز برداشت نہیں : ڈی سی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت واٹر فلٹریشن پلانٹس، بیوٹیفکیشن اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری سکیموں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز سٹی و صدر، ایم ڈی واسا، لوکل گورنمنٹ، نیسپاک، میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے بند واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فوری مرمت اور انہیں فعال بنانے کی واضح ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت واسا کے زیر انتظام جاری سکیموں پر پیشرفت سے بھی بریفنگ لی گئی اور روڈ سائیڈ ڈرینج کے کاموں کو تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے جڑانوالہ، چک جھمرہ اور تاندلیانوالہ میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے اور مون سون سے پہلے تمام پراجیکٹس مکمل کیے جائیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے سے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کچہری بازار کی تزئین و آرائش کے کام کو جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی اور کہا کہ مقررہ ٹائم لائن کے اندر ترقیاتی کام میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔