شہر بھر میں کھلے مین ہولز پر فوری ڈھکن لگانے کی ہدایت
بارشوں کے پیش نظر نالوں، ڈرینز ، سیوریج لائنز کی صفائی یقینی بنائی جائے :عمر عباس
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیر صدارت میونسپل سروسز کی بہتری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی،اجلاس میں ضلع بھر میں صفائی، سیوریج، نکاسی آب اور دیگر شہری سہولیات کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ڈپٹی کمشنر کو مختلف محکموں کی جانب سے جاری اقدامات اور کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،ڈپٹی کمشنر نے بارشوں کے پیش نظر نالوں، ڈرینز اور سیوریج لائنوں کی بروقت صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کیلئے پیشگی اقدامات پر زور دیا۔
اجلاس میں شہر بھر میں کھلے مین ہولز کی نشاندہی، فوری بندش اور ڈھکن لگانے کے عمل کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ،تاکہ شہریوں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے محفوظ رکھا جا سکے ،مزید برآں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے مشینری اور افرادی قوت کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا، جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ٹیموں کی کارکردگی اور جاری صفائی مہم پر پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا،ڈپٹی کمشنر نے آوارہ کتوں کے تدارک، شہریوں کے تحفظ اور عوامی شکایات کے فوری ازالے پر بھی زور دیا اور متعلقہ محکموں کو اس حوالے سے متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔