زرعی مشینری پر سیلز ٹیکس ختم کیا جائے :فونڈری ایسوسی ایشن
زرعی مشینری پر سیلز ٹیکس ختم کیا جائے :فونڈری ایسوسی ایشن زرعی مشینری کسانوں کی بنیادی ضرورت ،ٹیکسز سے دبائو بڑھ گیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)فونڈری اینڈ انجینئرنگ انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن فیصل آباد کے صدر سیٹھ افتخار احمد اور جنرل سیکرٹری میاں اشفاق اشرف نے کہا ہے کہ زرعی مشینری جیسے تھریشر، روٹا ویٹر، کلٹیویٹر اور سپر سیڈر کی لاگت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ، لہٰذا ان پر عائد سیلز ٹیکس کا مکمل خاتمہ کیا جائے ۔انہوں نے ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی مشینری کسانوں کی بنیادی ضرورت ہے مگر بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ٹیکسز نے اس شعبے کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خطے میں پاکستان کے مؤثر ثالثی کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ اور بین الاقوامی حالات کے باعث خام مال کی قلت پیدا ہو رہی ہے ، جس سے پیداواری لاگت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ ڈیزل مہنگا ہونے سے نہ صرف زرعی شعبہ بلکہ ٹرانسپورٹ اور صنعتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سمیت پنجاب کے صنعتی مراکز پہلے ہی توانائی کے مہنگے نرخ، بڑھتی ہوئی لاگت اور ٹیکسوں کے دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ زرعی مشینری کا شعبہ لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے ، اس لیے حکومت فوری طور پر ریلیف فراہم کرے ۔تاجروں نے مطالبہ کیا کہ زرعی آلات پر سیلز ٹیکس ختم کیا جائے اور کسی بھی نئی پالیسی یا ٹیکس سے قبل اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت لازمی کی جائے تاکہ صنعت اور کسان دونوں کو نقصان سے بچایا جا سکے ۔