ڈی گرائونڈ پارک کے واش رومز کی خستہ حالی شہریوں کو شدید مشکلات

ڈی گرائونڈ پارک کے واش رومز کی خستہ حالی شہریوں کو شدید مشکلات

صفائی اور مرمت کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیاگیا ، شام کے اوقات میں شدید تعفن پھیل جاتا ،قریب سے گزرنا بھی دشوارشام میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین واک اور تفریح کیلئے آتے ہیں، شہریوں کا حکومت سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ

فیصل آباد (رپورٹ: عاطف صدیق کاہلوں)پوش علاقے ڈی گراؤنڈ میں واقع معروف پارک میں عوامی سہولت کیلئے بنائے گئے واش رومز عرصہ دراز سے خستہ حالی اور تعفن کا شکار ہیں، جبکہ پی ایچ اے حکام کی مبینہ عدم توجہی کے باعث صورتحال جوں کی توں ہے ۔ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے پارک میں حال ہی میں ایک خوبصورت لائبریری تو قائم کی گئی ہے ، تاہم عوامی بیت الخلا کی صفائی اور مرمت کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے ، جو وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام پر سوالیہ نشان ہے ۔

شہریوں کے مطابق پارک میں موجود واش رومز عرصہ دراز سے صاف نہیں کیے گئے اور نہ ہی ان کی مرمت کی گئی ہے ، جس کے باعث خاص طور پر شام کے اوقات میں شدید تعفن پھیل جاتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان واش رومز کے قریب سے گزرنا بھی دشوار ہو چکا ہے ۔ڈی گراؤنڈ پارک شہر کے بڑے اور مصروف پارکس میں شمار ہوتا ہے جہاں شام کے اوقات میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین واک اور تفریح کیلئے آتے ہیں۔ تاہم شہریوں کے مطابق بنیادی سہولت کی اس بدترین صورتحال نے ان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے اور بالخصوص بچوں کی صحت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی گراؤنڈ پارک کے مرد و خواتین واش رومز کی فوری صفائی اور مرمت کی جائے تاکہ پارک میں آنے والے افراد کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں