امن وامان برقرار رکھنے کیلئے شہر بھر میں سکیورٹی سخت ناکہ بندی پوائنٹس فعال
شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ایلیٹ اور ڈولفن فورس کی اضافی ٹیمیں تعینات کر دی گئیں ،پٹرولنگ میں بھی اضافہ کر دیا گیا ،شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے : پو لیس حکام
فیصل آباد (عبدالباسط سے )ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر امن و امان برقرار رکھنے اور سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے پولیس نے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی پوائنٹس کو مزید فعال کرتے ہوئے ایلیٹ اور ڈولفن فورس کی اضافی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں اور شہریوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے جبکہ کوائف پولیس ایپ کے ذریعے فوری طور پر تصدیق کیے جا رہے ہیں۔ ناکہ بندی پوائنٹس پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول رومز بھی قائم کر دئیے گئے ہیں۔اہم شاہراہوں، سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی اداروں اور دیگر حساس مقامات پر ایلیٹ، ڈولفن اور سپیشل پولیس ٹیموں کی پٹرولنگ میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ ہر قسم کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے ۔ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر ا اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر نے کہا ہے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے ۔