جماعت اسلامی 50 لاکھ نئے ممبرز،50ہزار عوامی کمیٹیاں بنائیگی
ریاستی نظام کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے عوامی سطح پر تحریک کی ضرورت :جاوید قصوری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ممبر سازی مہم کے دوران ملک بھر میں 50 لاکھ نئے ممبرز اور 50 ہزار عوامی کمیٹیوں کے قیام کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست اور ریاستی نظام کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے عوامی سطح پر بڑی تحریک اور جدوجہد کی ضرورت ہے ۔وہ صدر یونٹ کے زیر اہتمام ممبر سازی مہم کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری باسم سعید، امیر صدر یونٹ یاسر اقبال کھارا اور جنرل سیکرٹری ظفر ادریس جنجوعہ نے بھی خطاب کیا۔جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں عوامی حقوق کی تحریک کا آغاز کر دیا ہے ، جبکہ عوامی کمیٹیوں کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کے لیے گراس روٹ سطح پر منظم آواز بلند کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام بنیادی مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ ہے ، مگر پنجاب میں گزشتہ 10 برس سے بلدیاتی انتخابات نہ کرانا تشویشناک ہے ۔ ان کے بقول پنجاب حکومت مختلف حیلے بہانوں سے بلدیاتی انتخابات سے گریز کر رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوامی کمیٹیوں کے ذریعے بلدیاتی نظام کی کمی پوری کرے گی اور سرکاری محکموں میں عام آدمی کے جائز مسائل کی شنوائی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔