جھنگ:ڈپٹی کمشنر کا امتحانی مراکز اور ترقیاتی منصوبوں کا دورہ
میرٹ، شفافیت اور نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے :علی اکبر بھنڈر
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے مختلف امتحانی مراکز کے دورے کے دوران امتحانی عمل کا تفصیلی جائزہ لیا اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات، شفاف امتحانی ماحول اور انتظامی امور کا معائنہ کیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ امتحانات کے انعقاد میں میرٹ، شفافیت اور نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ، جبکہ طلبہ کے لیے پرسکون اور سازگار ماحول فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے نواز چوک سے ملحقہ زیر تعمیر سڑک کے ترقیاتی منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے تعمیراتی معیار، کام کی رفتار اور منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسر اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ سڑک کی تعمیر میں اعلیٰ معیار کے میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
اور منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام جاری منصوبوں کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی تاکہ انہیں حکومتی معیار اور عوامی توقعات کے مطابق مکمل کیا جا سکے ۔