معرکہ حق :ایک سال مکمل ہونے پر تقریبات کا آغاز

معرکہ حق :ایک سال مکمل ہونے پر تقریبات کا آغاز

ضلع کونسل چوک سے پاک آرمی سے اظہارِ یکجہتی کیلئے عظیم الشان ریلی نکالی گئی

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام معرکہ حق بنیان مرصوص کے ایک سال مکمل ہونے کے حوالے سے تقریبات کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ضلع کونسل چوک سے پاک آرمی سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی، جو کچہری بازار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور رکن قومی اسمبلی راجہ دانیال نے ریلی کی قیادت کی۔ ریلی میں مسلم لیگی رہنما عمر اسرار، شیخ یوسف، ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر کے علاوہ ڈویژنل و ضلعی محکموں کے افسران اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔شرکاء نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور پاک فوج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔

کمشنر مسرت جبیں نے کہا کہ ایک سال قبل پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا صبر و تحمل مگر دلیرانہ اور بھرپور جواب دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کی جرات، بہادری اور قائدانہ صلاحیتوں کی معترف ہے ۔ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے کہا کہ بنیان مرصوص دنیا کی تاریخ کا کامیاب ترین آپریشن تھا، جس سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور پیشہ وارانہ مہارت دنیا کے سامنے عیاں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے کارنامے سنہری حروف میں درج ہیں۔دیگر مقررین نے کہا کہ معرکہ حق بنیان مرصوص ناقابلِ تسخیر عزم اور قومی یکجہتی کی علامت ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں