مختلف علاقوں میں 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ کاانکشاف

مختلف علاقوں میں 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ کاانکشاف

کے الیکٹرک کی نئی انتظامیہ بھی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر قابو نہیں پاسکیلوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی سسٹم کی مرمت کے نام پر بجلی بند

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہر کے مختلف علاقوں میں 20 گھنٹے تک کی طویل لوڈ شیڈنگ کا انکشاف سامنے آیا، جس کے باعث شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی کا بحران سنگین ترین صورتحال اختیار کر گیا ہے ۔ کے الیکٹرک میں نئی انتظامیہ کی آمد کے باوجود غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر قابو نہیں پایا جا سکا، جس کے باعث شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں 4 سے 6 گھنٹے کا مزید اضافہ کر دیا گیا ہے ، حیران کن طور پر وہ علاقے جو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ تھے ، وہاں بھی سسٹم کی مرمت کے نام پر روزانہ 3 سے 5 گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے ۔

نارتھ کراچی، شادمان، پی ای سی ایچ ایس، گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال اور گلشنِ معمار میں 2 سے 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد، محمود آباد، ملیر، کورنگی اور نیو کراچی میں صورتحال بدترین ہے ، جہاں 15 سے 20 گھنٹے تک بجلی غائب رہنے کا انکشاف ہوا ہے۔تیسر ٹاؤن، خدا کی بستی، احسن آباد، کاٹھور اور گڈاپ ٹاؤن میں بھی بجلی کی طویل بندش نے زندگی مفلوج کر دی ہے۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ شہر میں ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کے لیے بجلی بند کر دی جاتی ہے ، کئی علاقوں میں صورتحال یہ ہے کہ  صرف 4 گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں