بچے کی اسمگلنگ کیس میں ملزمہ کی ضمانت منظور
ملزمہ کرن سہیل کو پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم بچے کو بیٹا ظاہر کرکے موزمبیق لے جانے کی کوشش کررہی تھی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کم عمر بچے کی مبینہ اسمگلنگ کی کوشش کے مقدمے میں ملزمہ کرن سہیل کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور اسے پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ عدالت میں سماعت کے دوران استغاثہ نے موقف اختیار کیا کہ ملزمہ ایک کمسن بچے کو اپنا بیٹا ظاہر کرکے موزمبیق لے جانے کی کوشش کررہی تھی، جبکہ تفتیش کے دوران مختلف افراد پر مشتمل ایک مبینہ گروہ کی نشاندہی بھی ہوئی ہے ۔ دوران سماعت ملزمہ کے وکیل راجا ریاض نے موقف اپنایا کہ ان کی موکلہ کو غلط طور پر کیس میں شامل کیا گیا ہے اور اس کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں۔
وکیل صفائی نے مزید بتایا کہ شریک ملزمان کو پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے اور ملزمہ کے خلاف کسی قسم کے ڈیجیٹل شواہد بھی پیش نہیں کیے گئے ۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ استغاثہ کے مرکزی گواہ کے بیان سے ملزمہ کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہوتے ، جبکہ ملزمہ کے خلاف مالی لین دین یا جعلی دستاویزات سے متعلق بھی کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے گئے ۔ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ملزمہ کا کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ متعلقہ عدالتوں میں ججز کی عدم دستیابی کے باعث ٹرائل میں غیر معمولی تاخیر کا امکان ہے ، جس کے پیش نظر ملزمہ کو ضمانت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔