تعلیمی ادارے منشیات سے پاک کرنے کے اقدامات تیز
اساتذہ، والدین،طلباء پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل ،مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی اور فوری رپورٹنگ ممکن بنائی جا ئے گی ،تمام وسائل بروئے کار لا رہے :پو لیس حکام
فیصل آباد (عبدالباسط سے )نوجوان نسل، خصوصاً طلبا و طالبات کو منشیات جیسے ناسور سے محفوظ رکھنے اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے فیصل آباد پولیس نے خصوصی اقدامات تیز کر دئیے ہیں۔ شہر بھر کے سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک بنانے کیلئے اداروں کے دوروں کے ساتھ اساتذہ، والدین اور طلباء پر مشتمل خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق ان کمیٹیوں کی مدد سے منشیات فروشی اور منشیات استعمال کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے ۔ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس کی خفیہ برانچوں کی اطلاعات کے بعد تعلیمی اداروں میں منشیات کی رسائی کے خدشات سامنے آنے پر خصوصی حکمت عملی اختیار کی گئی۔
اس سلسلے میں تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ، والدین اور طلبا کے متحرک ارکان پر مشتمل خصوصی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں تاکہ مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی اور فوری رپورٹنگ ممکن بنائی جا سکے ۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا اور سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور نوجوان نسل کو نشانہ بنانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔پولیس حکام کے مطابق خفیہ ٹیمیں بھی فعال ہیں، جو منشیات فروشوں کی نشاندہی کے ساتھ ان کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کر رہی ہیں۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ رواں سال جارحانہ پالیسی کے نتیجے میں منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم میں 70 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔