چنیوٹ پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی،23 ملزم گرفتار
شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں :ڈی پی اوڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن ‘‘کرائم فری پنجاب’’ کے تحت ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف کی ہدایت پر چنیوٹ پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کارروائیاں کرتے ہوئے 23 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔مجرمان اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 15 اشتہاری گرفتار کئے گئے جن میں 5 عدالتی مفرور بھی شامل ہیں۔ اسی طرح گیس ری فلنگ، کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی اور غفلت و تیز رفتاری سے گاڑی چلانے پر 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔پولیس پوسٹ ایپ کے ذریعے چیکنگ کے دوران 344 مشکوک افراد اور 522 مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 100 گاڑیوں کے چالان کئے گئے اور 2 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کئے گئے ۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں، ہیومن ریسورس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مختلف جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جا رہا ہے ۔