بلوچنی:بجلی چوری ، زیرو ٹالرینس پالیسی پر عملدرآمد کا اعلان
غیر قانونی کنکشنز کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں:فیسکو چیف
بلوچنی (نمائندہ دنیا )چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو انجینئر عامر پنوں نے بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بجلی چوری ایک قومی اور ناقابلِ معافی جرم ہے ۔سی ای او فیسکو انجینئر عامر پنوں اور ایس ای سرکل فرسٹ انجینئر محمد امیر خان نے فیسکو ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت بجلی چوروں، نادہندگان اور غیر قانونی کنکشنز کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے مؤثر اور مسلسل آپریشن جاری رہے گا۔ ان کے مطابق نادہندگان سے ریکوری کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی کنکشنز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔چیف ایگزیکٹو فیسکو نے واضح کیا کہ اگر کوئی ملازم بجلی چوری، غیر قانونی کنکشن یا رشوت ستانی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف عبرتناک سزا دی جائے گی۔