عید قربان: فیصل آباد پولیس کا خصوصی سیکیورٹی پلان جاری
5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار و افسر ڈیوٹی سرانجام دینگے ،90 سے زائد مقامات پر ناکہ بندی پوائنٹس قائم ، شہر کی نگرانی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ہوگی پارکوں، فوڈ پوائنٹس اور تفریحی مقامات پر اضافی نفری تعینات،ضلع میں 50 سے زائد پولیس موبائلز، ڈولفن اور ایگل سکواڈ کامسلسل گشت ہوگا: سی پی او
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)عید قربان کے موقع پر عید اجتماعات، عید گاہوں، مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عوامی مقامات کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فیصل آباد پولیس نے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق عید ایام میں 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار و افسران ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ 90 سے زائد مقامات پر خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس قائم کیے جائیں گے ۔ شہر بھر کی نگرانی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی اور پولیس کی خصوصی ٹیمیں گشت اور پیٹرولنگ پر مامور ہوں گی۔پلان کے تحت ضلع بھر میں 650 سے زائد مساجد و امام بارگاہوں اور 350 سے زائد کھلے مقامات پر نماز عید ادا کی جائے گی۔ سکیورٹی کے لیے مرد اہلکاروں کے ساتھ لیڈیز پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گے تاکہ فیملیز کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔پارکوں، فوڈ پوائنٹس اور تفریحی مقامات پر بھی اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ ضلع بھر میں 50 سے زائد پولیس موبائلز، ڈولفن اور ایگل سکواڈ کے ذریعے مسلسل گشت کیا جائے گا۔سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے ۔