غلہ منڈی سمندری،سہولیات کا فقدان،آڑھتیوں کا احتجاج

غلہ منڈی سمندری،سہولیات کا فقدان،آڑھتیوں کا احتجاج

زرعی اجناس کی خرید و فروخت کے لیے آنے والے کاشتکاروں کو شدید مشکلات

سمندری (نمائندہ دنیا )غلہ منڈی سمندری میں بنیادی سہولیات کے فقدان پر آڑھتی مارکیٹ کمیٹی کے خلاف پھٹ پڑے ۔آڑھتی چودھری عبدالرؤف ڈھلوں نے کہا کہ غلہ منڈی میں سایہ اور پینے کے پانی کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث زرعی اجناس کی خرید و فروخت کے لیے آنے والے کاشتکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے لیے بنایا گیا ریسٹ ہاؤس مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے تالے لگا کر بند کر دیا گیا ہے ، جبکہ غلہ منڈی میں اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کے باعث چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان تمام مسائل سے اسسٹنٹ کمشنر قمر محمود منج کو آگاہ کیا گیا تھا، تاہم یقین دہانی کے باوجود تاحال عملی اقدامات نہیں کیے گئے ۔آڑھتیوں اور کاشتکاروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ غلہ منڈی کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں