دوران محرم فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے ، آر پی او
بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ پر زور، امن کمیٹی اجلاس
لودھراں (سٹی رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر ملتان عثمان اکرم گوندل نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے تمام مکاتب فکر کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا، جبکہ پولیس اور امن کمیٹی کا باہمی تعاون ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے ۔انہوں نے یہ بات ڈی پی او آفس لودھراں میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صدر انجمن تاجران ملک اصغر ارائیں سمیت امن کمیٹی کے اراکین اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن (ر) علی بن طارق نے محرم الحرام کے سکیورٹی اقدامات، حساس جلوسوں اور مجالس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔آر پی او عثمان اکرم گوندل نے ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر روف ٹاپ ڈیوٹیاں، مؤثر نگرانی اور فول پروف سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حساس جلوسوں کے راستوں اور بلند عمارتوں کے مکینوں کی مکمل ویری فکیشن اور کلیئرنس کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران منتظمین جلوس، متولیان، لائسنس ہولڈرز اور امن کمیٹی کے اراکین سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور حساس مقامات کی خصوصی مانیٹرنگ کو مؤثر بنایا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب پولیس امن و امان خراب کرنے کی ہر سازش ناکام بنائے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔