ڈپٹی کمشنر جھنگ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، سہولیات کا جائزہ
مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات ، ادویات کی دستیابی، سہولیات کا پو چھا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کا اچانک دورہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، آؤٹ ڈور ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی)، مختلف داخلہ وارڈز، لیبارٹری اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا اور علاج معالجہ کی سہولیات کے معیار کو چیک کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے ادویات کی دستیابی، طبی سہولیات اور عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ بعض مریضوں کی شکایات سننے کے بعد انہوں نے متعلقہ افسران کو فوری ازالے کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری بھی چیک کی اور ہدایت کی کہ تمام عملہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور پیشہ وارانہ انداز میں انجام دے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کو بروقت، معیاری اور یکساں طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔