منشیات فروشی کیخلاف تعلیمی اداروں میں خصوصی مہم

 منشیات فروشی کیخلاف تعلیمی اداروں میں خصوصی مہم

پولیس نے کارروائیاں تیز کر دیں ،خفیہ اداروں کی فہرستوں پر میگا آ پریشن ،خصوصی ٹیمیں تشکیل ،تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینارز بھی منعقد کئے جائینگے

فیصل آباد (عبدالباسط سے )شہر میں بڑھتی ہوئی منشیات فروشی اور منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں تشویشناک اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے ضلعی پولیس نے خصوصی منصوبہ بندی کے تحت کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ سکیورٹی برانچ، سپیشل برانچ اور دیگر خفیہ اداروں کی جانب سے منشیات فروشوں اور منشیات استعمال کرنے والے افراد کی فہرستیں مرتب کرکے متعلقہ تھانوں کو فراہم کر دی گئی ہیں، جن کی بنیاد پر گرینڈ اور میگا آپریشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق فیصل آباد کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے اور منشیات کے عادی افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے خصوصی مشن کے تحت ضلع بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) تنویر حسین کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی برانچ، سپیشل برانچ اور دیگر خفیہ اداروں نے منشیات فروشی میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملز موں اور منشیات کے عادی افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرکے فہرستیں متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دی ہیں۔

جن کی روشنی میں کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔سی پی او تنویر حسین نے اس حوالے سے کہا ہے کہ شہر کو ڈکیتی، چوری، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم سے پاک کرنے کے ساتھ شہریوں کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنا بھی پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک ماحول فراہم کرنے اور نوجوان نسل، بالخصوص طلبہ و طالبات، کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ یہ ٹیمیں تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینارز کے انعقاد کے ساتھ ساتھ خفیہ نگرانی اور کارروائیاں بھی انجام دیں گی۔سی پی او نے والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور معاشرے کے دیگر طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس کا ساتھ دیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں