فیصل آباد میں محرم الحرام کے انتظامی و سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ
سول ڈیفنس آفیسر کو پولیس کے سکیورٹی پلان کے مطابق اپنا جامع پلان مرتب کر نے کی ہدایت ، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے منصوبہ بنانے کا حکم ،حساس مقامات کو سی سی ٹی وی کیمروں سے منسلک کیا جائیگا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)محرم الحرام کے دوران انتظامی اور سکیورٹی امور کو مربوط اور جامع بنانے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال محرم الحرام کے انتظامات اور سکیورٹی پلان کو مزید بہتر بنانا ہوگا، جس کیلئے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کریں۔انہوں نے سول ڈیفنس آفیسر کو ہدایت کی کہ پولیس کے سکیورٹی پلان کے مطابق اپنا جامع پلان مرتب کیا جائے ، جبکہ سول ڈیفنس رضاکاروں کی تربیت اور ڈیوٹیوں کا شیڈول بھی حتمی شکل دی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک پولیس کو محرم کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو آئندہ ہفتے کے وسط تک اپنے پلان جمع کرانے کا حکم دیا۔
انہوں نے محکمہ صحت کو امام بارگاہوں، جلوسوں کے روٹس اور تحصیل سطح پر جامع میڈیکل پلان تیار کرنے کی ہدایت کی، ڈپٹی کمشنر نے تمام میونسپل کمیٹیوں، میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کو جلوسوں کے روٹس پر سو فیصد لائٹنگ فعال رکھنے ، سڑکوں کی مرمت (پیچ ورک) مکمل کرنے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے واسا اور میونسپل کارپوریشن کو جلوسوں کے راستوں پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور موبائل واش رومز کی دستیابی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔تمام امام بارگاہوں اور حساس مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو سیف سٹی سسٹم سے منسلک کیا جائے۔