چناب نگر میں پیکرِ شرم و حیا سیمینار کا انعقاد کیا گیا
سیدنا عثمان کی سیرت و کردار امت مسلمہ کے لیے عملی نمونہ ہے : مقررین
چناب نگر (نامہ نگار)خانقاہ سید نفیس الحسینیہ المکیہ نصرت آباد چناب نگر میں پیکرِ شرم و حیا سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف علمائے کرام اور مذہبی شخصیات نے خطاب کیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین انوار ختم نبوت ٹرسٹ مولانا قاری محمد رفیق نفیسی، حاجی محمد اویس رسول علوی اور مولانا مفتی عتیق الرحمن نفیسی نے کہا کہ شرم و حیا مومن کی معراج اور نجات کا ذریعہ ہے ۔مقررین نے حضرت سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کی سیرت و کردار کو امت مسلمہ کے لیے عملی نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خلافت راشدہ مسلم حکمرانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی اتباع رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی پیروی میں ہے ، اور صحابہ کرام کا نقشِ قدم کامیابی کی ضمانت ہے ۔مقررین نے حضرت عثمان غنیؓ کی دینی خدمات کو ناقابلِ فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپؓ نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی خدمت اور اطاعتِ رسول ﷺ کے لیے وقف کر دی تھی۔انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان غنیؓ کو نبی کریم ﷺ نے جنت کی بشارت دی، اور ان کی سیرت نئی نسل کے لیے رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے ۔