بارشوں کے دوران تمام ادارے الرٹ رہیں ، کمشنر راولپنڈی
لئی سمیت تمام نالوں، ڈرینز کی مسلسل نگرانی کی جائے ، اجلاس سے خطاب
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت مون سون سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن زینیا ہمایوں، ڈپٹی کمشنرز، واسا، ریسکیو 1122، میونسپل کارپوریشن، سول ڈیفنس، محکمہ آبپاشی، ہائی ویز، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متوقع شدید بارشوں کے دوران ہائی الرٹ رہتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ، پانی کی فوری نکاسی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، نالہ لئی سمیت تمام بڑے اور چھوٹے نالوں، ڈرینز اور آبی گزرگاہوں کی مسلسل نگرانی کی جائے ،برساتی نالوں کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔ تمام ادارے اپنی مشینری، واٹر پمپس، افرادی قوت اور ہنگامی سامان کو مکمل طور پر فعال حالت میں رکھیں۔