مون سون سے نمٹنے کی تیاریاں ، واسا کی مشینری آپریشنل
بین الاضلاعی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن ٹیم نے فیصل آباد کا دورہ کیا ،مشینری بیک کی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کے احکامات پر بین الاضلاعی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن ٹیم نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے دستیاب آلات، مشینری اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ویلیڈیشن ٹیم نے واسا فیصل آباد کے زیر انتظام ویسٹرن پارکنگ یارڈ کا دورہ کرتے ہوئے مختلف مشینری کا معائنہ کیا اور ان کی آپریشنل استعداد کا عملی تجربہ بھی کیا۔ ٹیم نے ڈی سلٹنگ مشین، ایکسکیویٹر، جے سی بی، ڈی واٹرنگ سیٹس، جیٹر اور سکر گاڑیوں سمیت دیگر آلات اور مشینری کا جائزہ لیا۔ٹیم کے ارکان نے تمام مشینری اور آلات کو مکمل طور پر آپریشنل قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کہا کہ مون سون سیزن کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
شہریوں کو بارشی پانی کے فوری اخراج کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف پونڈنگ پوائنٹس سے بارشی پانی کی فوری نکاسی کے لیے مؤثر اور پائیدار انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ تمام مشینری مکمل طور پر فعال اور آپریشنل ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور مون سون کے دوران شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔