ورکرز کے حقوق کے تحفظ کیلئے احتجاج، چارٹر آف ڈیمانڈ پیش
مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، اجرتوں میں اضافے کے لئے نعرے بازی
پینسرہ (نمائندہ دنیا )پاکستان لیبر قومی موومنٹ کے چیئرمین اور صدر حقوق حلق پارٹی بابا لطیف انصاری کی قیادت میں پاور لوم ورکرز اور مزدور رہنماؤں نے لیبر ڈپارٹمنٹ فیصل آباد کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، اجرتوں میں اضافے اور فلاحی سہولیات کی فراہمی کے حق میں نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مزدور رہنماؤں کے وفد نے لیبر ڈائریکٹر ویسٹ رائے یاسین کھرل سے ملاقات بھی کی۔وفد نے آئندہ وفاقی بجٹ کے لیے 16 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا، جس میں مہنگائی کے پیش نظر پاور لوم ورکرز کی موجودہ اجرتوں میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ شامل ہے ۔ چارٹر میں تمام ورکرز کے لیے سوشل سکیورٹی اور ای او بی آئی کارڈز کے اجرا، غیر رجسٹرڈ پاور لوم فیکٹریوں کی فوری رجسٹریشن، ہیلتھ اینڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد اور فیکٹریوں میں صفائی کے لیے علیحدہ عملہ تعینات کرنے کے مطالبات بھی شامل ہیں۔
مزدور رہنماؤں نے ہفتہ وار، سالانہ، بیماری اور اتفاقی چھٹیوں سمیت تمام قانونی مراعات کی فراہمی اور رخصت کے دن کام کی صورت میں ڈبل معاوضہ ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ چارٹر میں یہ مطالبہ بھی شامل تھا کہ فیکٹریوں کے داخلی دروازوں پر نام اور دیگر معلومات نمایاں طور پر درج کی جائیں اور کسی بھی مزدور کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر ملازمت سے فارغ نہ کیا جائے ۔چارٹر آف ڈیمانڈ میں ورکرز ویلفیئر بورڈ پنجاب سے میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ اور تعلیمی اسکالرشپس کی ادائیگی تین ماہ کے اندر یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا،اس موقع پر بابا لطیف انصاری نے کہا کہ پاور لوم ورکرز ملکی معیشت اور برآمدات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔