تعلیمی اداروں کے بجٹ پر اجلاس، شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت
صدارت ڈپٹی ڈی ای او طارق محمود نے کی، ریکارڈ بروقت مرتب کر نیکا حکم
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن فیصل آباد راؤ عبدالکریم کی ہدایت پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے دفتر میں تعلیمی اداروں کے بجٹ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر طارق محمود نے کی، جبکہ میل و فی میل ونگ کے کلیریکل سٹاف نے اس میں شرکت کی۔اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ، فنڈز کے مؤثر استعمال، ریکارڈ کی درستگی اور مالی امور میں شفافیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر طارق محمود نے کہا کہ بجٹ کی تیاری اور اخراجات میں حکومتی قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے اور تمام ریکارڈ بروقت اور درست انداز میں مرتب کیا جائے۔انہوں نے کلیریکل سٹاف کو ہدایت کی کہ مالی معاملات میں شفافیت، دیانتداری اور ذمہ داری کو یقینی بناتے ہوئے تعلیمی اداروں کے بجٹ سے متعلق تمام امور مقررہ طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔