فضائی آلودگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کا فیصلہ

 فضائی آلودگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کا فیصلہ

اہم شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے گا، گندگی کے ڈھیروں کو آگ لگانے والوں کیخلاف سخت ایکشن کی ہدایت، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کر یک ڈائون ہو گا

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی کی زیر صدارت ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) میں بہتری، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہری ماحول کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی عثمان اظہر، سیکرٹری آر ٹی اے محمد راشد، ہارٹیکلچر اتھارٹی، میونسپل کارپوریشن، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شہر میں فضائی آلودگی، گرد و غبار اور دیگر ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ گرد و غبار کے خاتمے اور فضائی معیار کو بہتر بنانے کے لیے شہر کی اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی نے ہدایت کی کہ کوڑا کرکٹ اور گندگی کے ڈھیروں کو آگ لگانے پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے دھواں چھوڑنے والی، آلودگی کا باعث بننے والی اور فٹنس سرٹیفکیٹ سے محروم گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے کی بھی ہدایت کی۔انور علی نے کہا کہ شہر کو سموگ اور فضائی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں نبھائیں اور انسدادِ آلودگی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ماحول کو صاف اور آلودگی سے پاک رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں