محرم انتظامات پراجلاس ،اسسٹنٹ کمشنر کاصفائی انتظامات کاجائزہ
امن، مذہبی ہم آہنگی کیلئے تمام ادارے اور شہری ملکرکردار ادا کریں:او رنگزیب گورائیہ
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ او رنگزیب گورایہ، ایس پی جڑانوالہ اختر وینس، ڈی ایس پی ساجد محموداور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محسن مظہر نے ممبران امن کمیٹی کے ہمراہ محرم کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کی۔ محرم کے دوران امن و امان ، جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی، ٹریفک انتظامات، باہمی ہم آہنگی اور ضابطہ اخلاق پر مؤثر عملدرآمد کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افسروں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے تمام متعلقہ ادارے اور شہری مشترکہ کردار ادا کریں۔
جلوسوں اور مجالس کے شرکاء کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے ۔ اسسٹنٹ کمشنر اورنگزیب گورائیہ کا نے شہر اور گردونواح کے علاقوں کا دورہ کرکے صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔ پروجیکٹ منیجر اے آر سی حذیفہ جلیل، تحصیل منیجرستھرا پنجاب جڑانوالہ زبیر، آپریشنل منیجر سٹی عادل محمود بٹ اور رورل آپریشنل منیجر جاوید اسلم بھی ہمراہ تھے ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے صفائی عمل کو مزید موثر اور تیز بنایا جائے اور کہیں بھی کوڑا جمع ہونے کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔