ڈی پی او جھنگ کا محرم جلوس روٹس کا تفصیلی دورہ

 ڈی پی او جھنگ کا محرم جلوس روٹس کا تفصیلی دورہ

سکیورٹی، ٹریفک انتظامات، ہنگامی رسپانس اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)محرم الحرام کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے جھنگ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی تیاریاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔اسی سلسلے میں ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر اور متعلقہ حکام کے ہمراہ شہر بھر کے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی، ٹریفک انتظامات، ہنگامی رسپانس اور دیگر انتظامی امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔دورے کے دوران ممبرانِ امن کمیٹی، لائسنس دارانِ جلوس و مجالس، منتظمین اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔انچارج سکیورٹی انسپکٹر نواز خان نے ڈی پی او جھنگ کو محرم الحرام کے لیے ترتیب دیے گئے جامع سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے نفری کی تعیناتی، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور ایمرجنسی رسپانس اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈی پی او ساجد حسین نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ، اور اس مقصد کے لیے تمام ادارے مربوط حکمتِ عملی کے تحت مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ سیکیورٹی پلان پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے ۔ڈی پی او نے کہا کہ قانون، ضابطہ اخلاق اور ریاستی احکامات کی مکمل پاسداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں