پیپلز پارٹی کا بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان

پیپلز پارٹی کا بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان

نوجوانوں، خواتین اور تمام طبقات کے نمائندوں کو آگے لایا جائے گا:طاہر عباس

چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ان خیالات کا اظہار تحصیل صدر پاکستان پیپلز پارٹی سید طاہر عباس شاہ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ نچلی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے اور جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔سید طاہر عباس شاہ نے کہا کہ پارٹی کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور ہر یونین کونسل، وارڈ اور محلے کی سطح پر تنظیم کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پیپلز پارٹی کی کارکردگی، عوام دوست پالیسیوں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں نوجوانوں، خواتین اور تمام طبقات کے نمائندوں کو آگے لایا جائے گا تاکہ مقامی سطح پر عوام کے مسائل مؤثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔سید طاہر عباس شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرکے عوامی خدمت کا سفر مزید تیزی سے جاری رکھے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں