ڈرائیورز کاایل پی جی گیس مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
قیمت 309 روپے فی کلو مقرر کی گئی ، منافع خور 600 روپے فی کلو تک بیچ رہے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاسبان رکشہ ٹیکسی ڈرائیورز یونین پنجاب کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور پاسبان ہائی ایس ویگن ورکرز ایسوسی ایشن پنجاب کے مرکزی صدر میاں اعجاز حسین نے مطالبہ کیا ہے ایل پی جی گیس مافیا کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایل پی جی گیس کی قیمت 309 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے ، تاہم بعض ڈیلرز اور منافع خور عناصر اسے 600 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں، جو غریب عوام اور ٹرانسپورٹ ورکرز کے ساتھ کھلا استحصال ہے ۔انہوں نے کہا کہ رکشہ ڈرائیورز، ٹیکسی مالکان، ویگن ورکرز اور دیہاڑی دار محنت کش پہلے ہی مہنگائی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ پٹرول، بجلی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے زندگی مزید دشوار بنا دی ہے ۔میاں اعجاز حسین نے کہا کہ جب حکومت نے سرکاری نرخ مقرر کر رکھے ہیں تو ان پر عملدرآمد کیوں نہیں کروایا جا رہا اور گیس مافیا کو قانون سے بالاتر کیوں سمجھا جا رہا ہے ۔