بجٹ عوام دشمن ، حکومت عوام کو گمراہ کر رہی :جماعت اسلامی
پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث صنعتی شعبہ متاثر ہے ، عوام پریشان ہیں
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ اور سیکرٹری چودھری محمد سلیم نے وفاقی بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الفاظ اور اعداد و شمار کے ہیر پھیر کے ذریعے عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری، بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خورد و نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شدید پریشان ہیں۔ ان کے مطابق مہنگائی کی شرح ساڑھے 11 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 50 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے جا چکی ہے۔
ان رہنماؤں نے کہا کہ پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث صنعتی شعبہ متاثر ہے ، تعمیراتی سامان کی بڑھتی قیمتوں سے تعمیراتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ اس شعبے سے وابستہ تقریباً 40 کاروبار بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق بھاری ٹیکسوں کے باعث رئیل اسٹیٹ سیکٹر بھی جمود کا شکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر لیٹر پٹرول پر 142 روپے سے زائد لیوی وصول کرنا عوام پر بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ معاشی ماہرین کے پاس معاشی بحران کے خاتمے کے لیے کوئی واضح روڈ میپ موجود نہیں، جبکہ قرضوں کا خاتمہ، خودانحصاری اور سودی نظام سے نجات کے لیے کوئی جامع حکمت عملی نظر نہیں آتی۔ان کا کہنا تھا کہ دفاعی بجٹ میں اضافہ تو قومی سلامتی کا تقاضا ہے ، تاہم صوبوں کے ترقیاتی بجٹ سے 1225 ارب روپے کی کٹوتی جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات اور سرکاری شاہ خرچیوں میں کمی نہ کرنا حکومت کی ترجیحات کو ظاہر کرتا ہے ۔