ہیپاٹائٹس بی پازیٹو مریضوں کیلئے ڈائلسز مشین ضروری:ماہرین

 ہیپاٹائٹس بی پازیٹو مریضوں کیلئے ڈائلسز مشین ضروری:ماہرین

مخیر حضرات اور سماجی تنظیمیں کمالیہ میں اس کارِ خیر کیلئے تعاون کریں :شہریوں کامطالبہ

 کمالیہ(نمائندہ دنیا )کمالیہ ڈائلیسز سنٹر گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے امید کی اہم کرن بن گیا جہاں اس وقت 10 فعال ڈائلسز مشینیں خدمات انجام دے رہی ہیں جبکہ مزید 2 نئی مشینیں بھی جلد نصب کی جائینگی ۔ اس سہولت سے روزانہ درجنوں مریض مستفید ہو رہے ہیں اور انہیں بڑے شہروں کا رخ کرنے کی دشواری سے نجات مل رہی ہے ۔ ڈائلسز سنٹر میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے لیے الگ انتظام موجود ہے ، تاہم ماہرین اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہیپاٹائٹس بی پازیٹو مریضوں کے لیے مستقل طور پر مختص علیحدہ ڈائلیسز مشین کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

طبی اصولوں کے مطابق ہیپاٹائٹس بی کے مریضوں کے لیے الگ مشین اور علیحدہ انتظام انفیکشن کنٹرول کے لیے نہایت ضروری سمجھا جاتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر مخیر حضرات، سماجی تنظیمیں اس کارِ خیر میں اپنا کردار ادا کریں اور ہیپاٹائٹس بی پازیٹو مریضوں کیلئے مخصوص مشین، اضافی طبی آلات اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی میں تعاون کریں تو کمالیہ ڈائلسز سنٹر مزید مؤثر طبی مرکز بن سکتا ہے ۔ گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کی بڑی تعداد مالی مشکلات پرعلاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتی۔ ایسے میں ڈائلیسز سنٹر کی بہتری اور توسیع نہ صرف دکھی انسانیت کی خدمت ہوگی بلکہ ایک ایسا صدقۂ جاریہ بھی ثابت ہوگی جس کا فائدہ برسوں تک ہزاروں مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو پہنچتا رہے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں