بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے :محبوب الزماں بٹ
ہر یونین کونسل میں امیدوار کھڑی کرینگے ، خواتین کو نمائندگی دی جائے گی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی اور ہر یونین کونسل میں اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔ خواتین اور نوجوانوں کو خصوصی نمائندگی دی جائے گی تاکہ مقامی حکومتوں میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے ۔انہوں نے المرکز الاسلامی، چنیوٹ بازار میں زونل امراء و سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کو آزما چکے ہیں اور اب انہیں دوبارہ دھوکا نہیں دیں گے۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری چودھری محمد سلیم بھی موجود تھے ۔پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ پاکستان وسائل، معدنیات اور نوجوان افرادی قوت سے مالا مال ملک ہے ، مگر مراعات یافتہ طبقہ، بیوروکریسی، جاگیرداروں اور حکمران اشرافیہ کے گٹھ جوڑ نے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے ۔ ان کے بقول مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے ٹیکسوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔