ہائی وے پٹرولنگ پولیس کا محرم پر سکیورٹی پلان جاری
بیٹ ایریاز میں امام بارگاہوں اور حساس مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ایس ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول فیصل آباد ریجن مرزا انجم کمال نے محرم کے دوران امن و امان کے قیام، مجالس و جلوسوں کے شرکاء کے جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان جاری کر دیا ۔ انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ ڈی ایس پیز، پوسٹ انچارجز اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ دس محرم تک فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ سکیورٹی پلان کے تحت ان پٹرولنگ پوسٹس کے بیٹ ایریاز میں واقع امام بارگاہوں اور حساس مقامات پر خصوصی توجہ دی جائیگی ۔ متعلقہ اضلاع کے ڈی ایس پیز اور پوسٹ انچارجز مجالس و جلوسوں کے اوقات میں سرکاری گاڑیوں کی مناسب پوزیشننگ کو یقینی بنائینگے جبکہ موٹر سائیکل گشت بھی مسلسل جاری رکھا جائے گا۔ مجالس، جلوسوں، ان کے روٹس اور حساس مقامات پر خصوصی نگرانی رکھی جائے ، شرکاکی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنایا جائے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ مشکوک افراد، سرگرمیوں، لاوارث اشیاء اور مشتبہ گاڑیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی مشکوک صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ افسروں کو دی جائے ۔ تمام پٹرولنگ ٹیمیں فرسٹ ایڈ کٹ، مواصلاتی آلات اور دیگر ہنگامی سامان ہمراہ رکھیں۔ محرم کے دوران امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائینگے اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال یا شکایت پرپنجاب ہائی وے پٹرول کی ہیلپ لائن 1124 پر فوری رابطہ کریں۔