محرم پر سکیورٹی انتظامات مکمل،ضلع میں6ہزار سے زائد پولیس اہلکار،افسر ڈیوٹی دینگے

محرم  پر  سکیورٹی  انتظامات مکمل،ضلع  میں6ہزار سے زائد پولیس  اہلکار،افسر ڈیوٹی  دینگے

کسی بھی ہنگامی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پاک فوج ، رینجرز کے دستے بھی ڈیوٹی پر موجود ،سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ،پٹرولنگ،جلوسوں،مجالس میں شرکت کیلئے جامع تلاشی جاری

فیصل آباد(عبدالباسط سے )فیصل آباد پولیس کے محرم کی سکیورٹی کیلئے انتظامات مکمل ، ضلع بھر میں 6ہزار سے زائد پولیس اہلکار و افسر ڈیوٹی دینگے ۔ جلوسوں اور مجالس کے راستوں سمیت دیگر مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائیگی۔ فیصل آباد میں محرم کے دوران امن و امان کی فضابرقرار رکھنے کیلئے فیصل آباد پولیس نے جامع حکمت عملی کے تحت سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے ۔ ضلع بھر میں ہونیوالی تمام مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے انکے مقامات اور روائتی روٹس کی طرف آنیوالے تمام تر راستوں کو خاردار تاریں اور بیریئرز لگا کرسیل کر دیا گیا ہے ۔ جلوسوں اور مجالس میں شرکت کیلئے عزاداران کو 3مختلف مقامات پر جامع تلاشی لینے کے بعد شرکت کی اجازت دی جاتی ہے ۔ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ناصرف سیف سٹی کنٹرول روم، بلکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول رومز میں بھی ہمہ وقت مانیٹرنگ جاری ہے ۔جلوسوں اور مجالس کے اطراف موجود شاہراہوں پر ڈولفن، ایلیٹ فورس اور ایگل سکواڈ کی ٹیموں کاپیٹرولنگ عمل بھی جاری ہے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پاک فوج اور رینجرز کے چاق و چوبند دستے بھی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ سکیورٹی ڈیوٹی چیک کرنے کیلئے آرپی او سہیل اختر سکھیرا اور سی پی او تنویر حسین و دیگر افسر بھی فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے پولیس افسروں و اہلکاروں کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں ۔ آر پی او اور سی پی او کا کہنا ہے کہ ادارے امن برقرار رکھنے کیلئے متحرک ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں