ٹوبہ : 78جلوس، 13مجالس، 1579اہلکار سکیورٹی پر مامور
کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں بند رہیں گی،ایلیٹ فورس کمانڈوز گشت کرینگے
ٹو بہ ٹیک سنگھ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع بھر میں آج یومِ عاشورہ کے موقع پر 78 ماتمی جلوس نکالے جائیں گے ، جبکہ مختلف امام بارگاہوں میں 13 مجالسِ عزا منعقد ہوں گی۔ جلوسوں میں 6 اے ، 4 بی اور 68 سی کیٹیگری میں شامل ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 1579 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ 910 رضاکار بھی سکیورٹی انتظامات میں معاونت کریں گے ۔ اس کے علاوہ ایلیٹ فورس کمانڈوز کی 5 ٹیمیں اور فالکن فورس مختلف علاقوں میں مسلسل گشت کرے گی۔سکیورٹی پلان کے تحت جلوسوں کے راستوں کو سیل کرکے خاردار تاروں کے ذریعے ناکہ بندی کی جائے گی، جبکہ تعزیہ اور ذوالجناح کے جلوسوں کی گزرگاہوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر پولیس کے مسلح اہلکار تعینات رہیں گے۔
جلوسوں میں شرکت کرنے والوں کی فول پروف سکیورٹی کے لیے پولیس، خفیہ اداروں، سول ڈیفنس، تنظیم شہری دفاع اور امامیہ اسکاؤٹس کے اہلکار مختلف داخلی راستوں پر حساس آلات کے ذریعے تلاشی لینے کے بعد شرکا کو داخلے کی اجازت دیں گے ۔یومِ عاشورہ کے موقع پر کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں بند رہیں گی، جبکہ امن کمیٹیوں کے ارکان اور عوامی نمائندے بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ جلوسوں میں موجود رہ کر امن و امان برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ضلع بھر میں جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات کی نگرانی ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اخلاق اللہ تارڑ خود کریں گے ۔