ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی اوچنیوٹ کا مرکزی جلوس کا دورہ
ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف کی جوانوں کو پو ری طرح الرٹ رہنے کی ہدایت
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے امام بارگاہ مہاجرین، چنیوٹ شہر سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کا دورہ کرکے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈی پی او نے جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی اور سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے حساس مقامات، داخلی و خارجی راستوں اور عمارتوں کی چھتوں پر قائم سکیورٹی پوائنٹس کا بھی معائنہ کیا۔ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں اور لیڈی پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور پوری طرح الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے بہترین فرائض انجام دینے پر لیڈی پولیس اہلکاروں کے لیے تعریفی اسناد اور انعامات کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام مجالس اور جلوسوں کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کے عقائد اور مذہبی جذبات کا احترام کریں اور سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔