آر پی او کی کھلی کچہری،شہریوں کے مسائل حل کرنے کا حکم
200 سے زائد سائلوں نے شرکت کی،درخواست گزاروں کا مؤقف سناگیا مقدمات کی تفتیش مکمل شفافیت اور میرٹ پر کی جائے :سہیل اختر سکھیرا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)شہریوں کو فوری اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کی اپنے آفس میں کھلی کچہری،شہریوں نے براہِ راست اپنے مسائل اور درخواستیں پیش کیں۔ کھلی کچہری میں 200 سے زائد سائلوں نے شرکت کی۔ آر پی او نے درخواست گزاروں کے مؤقف کو تفصیل سے سنا اور 72 درخواستوں پر موقع پر ہی داد رسی کرتے ہوئے فوری احکامات جاری کر دیئے جبکہ باقی درخواستیں مزید انکوائری کیلئے متعلقہ افسروں کو بھجوا کر مقررہ وقت میں رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ اس موقع پر سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی، ان کے جان و مال کا تحفظ اور بروقت داد رسی پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں سے بدسلوکی، مقدمات کے اندراج میں غیر ضروری تاخیر اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ آر پی او فیصل آباد نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ مقدمات کی تفتیش مکمل شفافیت اور میرٹ پر کی جائے ، کسی بھی قسم کے دباؤ یا اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے ، تمام درخواستوں پر مقررہ مدت کے اندر قانون کے مطابق کارروائی مکمل کر کے رپورٹس پیش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عام شہریوں، بالخصوص محروم اور کمزور طبقات، کو ان کی دہلیز پر فوری، شفاف اور مؤثر انصاف فراہم کرنا اور پولیس پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔