سدھار میں جماعت اسلامی کی مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلی
عوام دشمن معاشی پالیسیوں کو فوری واپس لیا جائے :مقررین کا خطاب
پینسرہ (نمائندہ دنیا )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح سدھار میں بھی بجلی کے بلوں میں عائد فکسڈ ٹیکس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف یومِ احتجاج منایا گیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پی پی 108 کے امیر میاں عمران عبداللہ کی زیر قیادت احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں رانا کرام اللہ، مرزا ابوبکر، میاں عبدالمجید رانا نوید اکرام ،حافظ علی حسن اور دیگر رہنماؤں سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکا ئنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب میں کہا کہ بجلی کے بلوں میں فکسڈ ٹیکس اور پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ، مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے یوٹیلٹی بلوں نے عوام کی قوت خرید ختم کر دی ہے ، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید معاشی بوجھ ڈال رہی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بلوں میں عائد فکسڈ ٹیکس فوری طور پر ختم کیا جائے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لیا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ مقررین نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور عوامی مسائل کے حل تک اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔ احتجاجی ریلی اختتام پذیر ہونے پر ملکی سلامتی، استحکام اور عوام کو مہنگائی سے نجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔