مزید 33 افراد ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس ممبر بن گئے
نئے ممبران قواعد کی پابندی کرتے سہولیات سے استفادہ کریں:ڈی جی ایف ڈی اے
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر و چیئرپرسن مسرت جبیں کی ہدایت پر سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی کی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں ممبرشپ کیلئے درخواست دینے والے مزید امیدواروں کے انٹرویوز کئے گئے ۔ ڈی جی ایف ڈی اے آصف چوہدری، ایڈیشنل کمشنر (کوآرڈینیشن)تنویر مرتضیٰ اوردیگر مینجمنٹ کمیٹی ارکان نے کوائف کا جائزہ لینے کے بعد تمام 33 امیدواروں مرد و خواتین کو سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ دینے کی منظوری دیدی جسکے بعدایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کے ممبرز کی تعداد بڑھ کر 436 ہو گئی ۔
ڈی جی نے نومنتخب ممبران کو مبارکباد دیتے کہا سپورٹس کمپلیکس میں عالمی معیار کے مطابق جدید کھیلوں اور تفریح کی سہولیات دی جا رہی ہیں تاکہ صحت مند طرزِ زندگی اور معاشرتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے ۔ کھیل نا صرف جسمانی و ذہنی صحت کے ضامن ہیں بلکہ نظم و ضبط، ٹیم ورک، باہمی احترام اور قومی جذبے کو بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ سپورٹس کمپلیکس میں مرد و خواتین شائقین کیلئے جدید سوئمنگ پولز، جمنیزیم، بیڈمنٹن، لان ٹینس، سکواش، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، پیڈل ٹینس ودیگر انڈور کھیلوں کی معیاری سہولیات دستیاب ہیں۔ انہیں مزید بہتر بنانے ، جدید آلات فراہمی، بہترین انتظامی خدمات اور ممبران کو معیاری ماحول فراہمی کیلئے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے نئے ممبران پر زور دیا کہ وہ سپورٹس کمپلیکس کے قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کرتے ہوئے سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں۔