کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت ریونیو جنریشن سے متعلق اجلاس
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو (اے ڈی سی آرز) کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ہائی ویلیو سرکاری جائیدادوں کی نشاندہی، ان کے مؤثر استعمال، حکومتی اثاثوں سے آمدن میں اضافے اور ریونیو جنریشن کے مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں قیمتی سرکاری املاک کی نشاندہی، اس حوالے سے پیش رفت، ریونیو میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں ہائی ویلیو سرکاری جائیدادوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے ، غیر فعال سرکاری اثاثوں کو مؤثر انداز میں استعمال میں لایا جائے اور حکومتی پالیسی کے مطابق ریونیو میں اضافے کے لیے قابلِ عمل تجاویز پر فوری پیش رفت یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال، شفاف طرزِ حکمرانی اور مالی نظم و ضبط کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے کام کریں تاکہ عوامی وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکے ۔کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ مقررہ اہداف کے مطابق پیش رفت تیز کی جائے اور باقاعدگی سے رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ ریونیو جنریشن کے منصوبوں کے مثبت نتائج جلد حاصل کیے جا سکیں۔