میانوالی، پپلاں اور کندیاں میں ایل پی جی مہنگے داموں فروخت
میانوالی، پپلاں اور کندیاں میں ایل پی جی مہنگے داموں فروخت 500 روپے فی کلوگرام تک فروخت کی جا رہی ،صارفین شدید پریشانی کا شکار
میانوالی (نامہ نگار)میانوالی، پپلاں اور کندیاں کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی گیس مبینہ طور پر سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس پر شہریوں نے انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں کے مطابق ایل پی جی کا سرکاری ریٹ 241 روپے فی کلوگرام مقرر ہے ، تاہم مختلف مارکیٹوں میں یہ 440 سے 500 روپے فی کلوگرام تک فروخت کی جا رہی ہے ، جس سے صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔مقامی افراد نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان سے میانوالی آنے والی کوچز اور پپلاں سے میانوالی چلنے والی بعض مسافر گاڑیوں میں مختلف مقامات پر غیر قانونی طور پر ایل پی جی سلنڈرز سے گاڑیوں کے فیول سلنڈرز بھرے جا رہے ہیں، جو مسافروں کی جان و مال کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ ادارے مؤثر کارروائی نہیں کر رہے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی کے چھوٹے اور بڑے ڈیلرز کے خلاف کارروائی کر کے سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے اور غیر قانونی ری فلنگ کا سلسلہ بھی بند کرایا جائے ۔