ایس بی سی اے کی مخدوش عمارتوں کے خلاف آگاہی مہم اورفلیگ مارچ
وزیر بلدیات اور ڈی جی کی ہدایات پر خطرناک عمارتوں پر انتباہی بینرز آویزاں کیے جا رہے ہیں
کراچی(این این آئی) ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے ) نے شہر بھر میں مخدوش اور انتہائی خطرناک قرار دی گئی عمارتوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے عوامی آگاہی مہم شروع کر دی ہے ۔ایس بی سی اے کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وسیم شمشاد کی ہدایات پر خطرناک عمارتوں پر انتباہی بینرز آویزاں کیے جا رہے ہیں جبکہ لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے بھی مکینوں کو آگاہ کیا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ خطرناک عمارتوں کی فہرست اخبارات میں بھی شائع کی جا چکی ہے ۔ترجمان کے مطابق بارشوں کے دوران پانی کے رساؤ، عمارتوں کے اچانک منہدم ہونے اور شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی کے خطرات کے پیش نظر شہری قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے ایسی عمارتیں فوری خالی کر دیں اور ان کے اطراف غیر ضروری نقل و حرکت سے بھی گریز کریں۔ڈائریکٹر ڈیمالیشن عبدالسجاد خان کی سربراہی میں کراچی کے مختلف علاقوں میں آگاہی مہم اور فلیگ مارچ بھی جاری ہے ۔ایس بی سی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی مخدوش یا غیر معیاری عمارت کی نشاندہی ہو تو اس کی اطلاع ایس بی سی اے کے دفتر، سرکاری ویب سائٹ یا 24 گھنٹے فعال رین ایمرجنسی سینٹر کے نمبر 99232355 پر فوری دی جائے۔