بغیر میٹر والے رکشوں پر پابندی عائد کرنے کافیصلہ
مسافر میٹر کے حساب سے ہی کرایہ ادا کرے گا،ڈی آئی جی ٹریفک
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی ٹریفک پولیس نے شہر میں صرف میٹر والے رکشے چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے پیش نظر بغیر میٹر والے رکشوں پابندی عائد کی جائے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ کا کہنا تھا کہ جلد کراچی میں ہر قسم کے رکشے پر پابندی عائد کی جائے گی اور صرف وہی رکشہ سڑک پر چل سکے گا جس میں میٹر نصب ہوگا۔پیر محمد شاہ نے کہا کہ ہم جلد رکشوں میں میٹر نصب کرنے کے لیے تاریخ کا اعلان کریں گے اور جب میٹر لگ جائے گا تب رکشے کی لینڈ منیجمنٹ کریں گے ، رکشوں کے لیے پارکنگ کی جگہ بنائیں گے یا ایک لین بنا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رکشوں کے لیے جو لین مختص کی جائے گی وہیں سے سواری کو بٹھائے گا اور مسافر میٹر کے حساب سے ہی کرایہ ادا کرے گا۔ اس عمل سے رکشہ ڈرائیور اور مسافروں کے درمیان کرائے سے متعلق کوئی بحث نہیں ہوگی۔پیر محمد شاہ نے کہا کہ کراچی میں پہلے بھی رکشے ایسے ہی چلتے تھے اس لیے یہ کوئی نیا کام نہیں، چونکہ کافی عرصے سے یہ کام نہیں ہوا اس لیے کچھ وقت درکار ہے ۔ رواں یا آئندہ ماہ تاریخ کا اعلان کریں گے اور رکشے والوں کے پاس دو ماہ کا وقت ہوگا۔ چنگ چی رکشوں کو مین شاہراہوں سے ہٹانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔