بلوچستان:پنجابی مزدوروں کے قتل کی مذمت،تحقیقات کا مطالبہ
حکومت سے فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنماؤں پروفیسر محبوب الزماں بٹ، چوہدری محمد سلیم، میاں طاہر ایوب اور انوارالحق ایڈووکیٹ نے بلوچستان میں دہشت گردی کے ایک واقعے میں بے گناہ پنجابی مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔رہنماؤں نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گرد عناصر بیرونی امداد کے ذریعے ملک میں بدامنی پھیلانے اور پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق دہشت گردی کا حالیہ واقعہ حکومت، سیکیورٹی اداروں اور عوام کے لیے لمحئہ فکریہ ہے اور ملک کے خلاف ایک گہری سازش کا حصہ ہو سکتا ہے ، جسے جلد بے نقاب کیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو مؤثر سیکیورٹی فراہم کرنے اور ملک میں امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، لہٰذا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا ہر صورت تحفظ یقینی بنائیں۔رہنماؤں نے مزید کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے اپنے بیان میں ملک دشمن نیٹ ورکس کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments