ایس ڈی او انہار کا مین برالہ برانچ کا دورہ، غیر قانونی آؤٹ لیٹ سیل
نہری نظام اور مختلف گیج پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ ،فیلڈ سٹاف کو ہدایات جاری
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)سب ڈویژنل آفیسر (ایس ڈی او) انہار محمد طلحہ گل نے مین برالہ برانچ کا دورہ کرتے ہوئے نہری نظام اور مختلف گیج پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا تاکہ نہر میں پانی کے ڈسچارج کی درست، شفاف اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کو یقینی بنایا جا سکے ۔دورے کے دوران انہوں نے نہری نظام کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ تمام نہروں کو مقررہ اور مجاز ڈسچارج کے مطابق مؤثر انداز میں ریگولیٹ کیا جائے تاکہ کاشتکاروں کو پانی کی منصفانہ فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔محمد طلحہ گل نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ نہری نظام پر مسلسل کڑی نگرانی رکھی جائے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا غیر قانونی سرگرمی کی فوری نشاندہی کرتے ہوئے بروقت کارروائی عمل میں لائی جائے ، تاکہ آبپاشی کا نظام شفاف اور مؤثر انداز میں برقرار رہے ۔دریں اثنا، ایس ڈی او نے عارف ڈسٹری بیوٹری پر غیر قانونی طور پر کھولا گیا آؤٹ لیٹ دوبارہ سیل کروا دیا۔انہوں نے واضح کیا کہ نہری نظام میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments