پینسرہ : صنعتی یونٹس کا دھواں، فضائی آلودگی میں اضافہ

 پینسرہ : صنعتی یونٹس کا دھواں، فضائی آلودگی میں اضافہ

متعدد بار شکایات کے باوجود مسئلے کے حل کیلئے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے :عوام

پینسرہ (نمائندہ دنیا) سدھار اور گرد و نواح کے مختلف علاقوں میں قائم آئل ریفائنریوں اور دیگر صنعتی یونٹس کی چمنیوں سے اٹھنے والے دھویں پر مقامی آبادی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔مقامی شہریوں کے مطابق سدھار، سیم نہر، چک نمبر 66 ج ب دھاندرہ، عباس پور روڈ، ملاں پور، چراگاہ اور جھنگ روڈ کے اطراف قائم بعض صنعتی یونٹس کی چمنیوں سے دن رات گاڑھا سیاہ دھواں خارج ہوتا ہے ، جس سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث سانس، الرجی، دمہ اور آنکھوں میں جلن سمیت مختلف صحت کے مسائل میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ ان کا مؤقف ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو تحریری اور زبانی شکایات کرنے کے باوجود مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے ۔شہریوں نے محکمہ ماحولیات کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری ماحولیات، ڈائریکٹر جنرل ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا جائے ، قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور انہیں جدید آلودگی کنٹرول سسٹم نصب کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہریوں کو فضائی آلودگی اور اس کے مضر اثرات سے تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...